ٹمکورو،22؍مئی (ایس او نیوز)ریاست کے تمام لوگوں کو سال 2021کے اخیر تک کووڈ ویکسین دیاجائے گا۔یہ بات ریاستی وزیر برائے صحت وخاندانی بہبود اورمیڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر کے سدھاکرنے کہی۔
انہوں نے یہاں ضلع پنچایت میٹنگ ہال میں گذشتہ روز منعقدہ کووڈکے جائزہ اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے کہاکہ کووین پورٹل میں کوئی بھی کہیں سے بھی رجسٹریشن کراکے ویکسین لئے جانے کا نظام قائم ہونے کی وجہ سے بنگلور کے لوگ اطراف کے اضلاع میں ٹیکے لگوارہے ہیں،ایسے معاملات پرقابوپانے کے مقصد سے متعلقہ ضلع کے لوگ ضلع ہی میں انجکشن لیں اس طرح کا نظام قائم کیاجائے گااور ریاستی سطح پر ایک پورٹل شروع کرنے کے بارے میں غور کیاجارہاہے۔
ڈاکٹر سدھاکرنے کہاکہ ریاست میں 2015میں ڈاکٹروں کی تقرری کیلئے حکم نامہ جاری کیاگیاہے۔ٹمکور ضلع میں بھی خالی پڑے تمام ڈاکٹروں کے عہدے پر کرلئے جائیں گے۔پیر سے چہارشنبہ تک تقرر شدہ ڈاکٹر س خدمات پر حاضر ہوں گے،جس سے ڈاکٹروں کی قلت کا مسئلہ دور ہوگا،اس کے علاوہ دیگر میڈیکل اسٹاف کا تقرربھی عمل میں لایاجائے گا۔ڈاکٹر سدھاکر نے بتایاکہ محکمہ صحت کی طرف سے ضلع کیلئے 6 آکسیجن پلانٹ منظور کئے جائیں گے،فی الحال ضلع اسپتال کیلئے25آکسیجن سلنڈرس فراہم کئے گئے ہیں اورکووڈ کی دوائیاں بھی ضرورت کے مطابق فراہم کی گئی ہیں۔ کورونارپورٹ پازیٹیو آنے پر مریضوں کو اندرون 4تا 5گھنٹے کووڈ میڈیکل کٹس فراہم کئے جانے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
وزیر صحت نے کہاکہ ابتدا میں ٹمکور کے تعلق سے بہت الجھن اور خوف پایاجارہاتھا، مگر اب یہ خوف دور ہوچکاہے۔ ضلع میں کووڈ پر قابوپانے میں کامیابی حاصل ہوچکی ہے۔ کوروناکی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے تیاریاں کی جارہی ہیں اور اس کیلئے درکار تمام دوائیاں ذخیرہ کی جارہی ہیں،اس کے علاوہ پرائیویٹ ایمبولنسوں کیلئے بھی کرایہ مقرر کئے جانے کے بارے میں غور کیاجارہاہے۔شری دیوی اور سدھارتھ میڈیکل کالج سمیت دونوں کالجوں میں کم سے کم500 آکسی نیٹیڈ بیڈس بڑھانے ہوں گے اورفائنل ایئر نرسنگ کے طلبہ کوبیرونی ٹھیکہ کی بنیاد پر ملازمت پر رکھاجائے۔حکومت کے احکامات کے مطابق میڈیکل کالجوں میں 75فیصداور پرائیویٹ اسپتالوں میں 50فیصد بیڈس کا استعما ل کووڈ کے مریضو ں کیلئے کیاجاناچاہئے۔وزیر موصوف نے ضلع میں کوروناپر قابوپانے کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد کہاکہ سی ٹی اسکیان کیلئے حکومت کی طرف سے مقرر کرد ہ قیمت ہی وصول کی جانی چاہئے،زیادہ رقم وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہئے۔کووڈ کے مریضوں کیلئے دی جانے والی دوائیاں بھی وقت پر فراہم کرنے اقدامات کئے جائیں۔ضلع میں علاج کی سہولتیں زیادہ ہیں،ان کاصحیح استعمال ہوناچاہئے۔
اس موقع پرضلع نگران کار وزیر جے سی مادھوسوامی،رکن پارلیمان جی ایس بسوراجو،ڈپٹی کمشنر وائی ایس پاٹل،سی ای او ودیاکماری،ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر ناگیندرپااوردیگر موجودتھے۔